اسلام آباد (آئی این پی)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنی پریس کانفرنس میں سابقہ دوست عمران خان سے دیرینہ تعلق کا بار بار تذکرہ کرتے رہے اور کہا کہ خان صاحب میں خوشامدی ہوں نہ عقل کل اور نہ ضمیر فروش ہوں اس لئے آئندہ مجھے ضمیر کے مطابق چلنے کی تلقین نہ کریں ۔ منگل کو پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ میرا 44 سال کا تعلق اور دوستی تھی جو 2014 کے دھرنے کے دوران وعدہ خلافی پر ختم ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مجھے بار بار ضمیر پرچلنے کی تلقین کرتے ہیں خان صاحب مسلم لیگ میں رہتے ہوئے میرا ضمیر مطمئن ہے جس دن ضمیر مطمئن نہ ہوا پریس کانفرنس کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دونگا اس لئے آئندہ مجھے ضمیر پر چلنے کی تلقین نہ کرنا کیونکہ میں بھی آپ کے بارے میں بہت سی باتیں کرسکتا ہوں لیکن یہ مناسب نہیں ہو گا۔