لاہور(این این آئی ) لاہور میں دو روز قبل لاپتہ ہونے والے 15سالہ بچے کی بی آر بی نہر سے بوری بند لاش برآمد ہو گئی ، اعجاز یعقوب کو ٹانگیں ، بازوں اور دھڑ کو تیز دھا ر آلے سے کاٹ کر نہر میں بہایا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہر میں بوری بند لاشیں ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔باٹا پور کے علاقہ سے بی آربی نہر سے 15سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد ہوئی جس کی ٹانگیں ،
بازوں اور دھڑ کو تیز دھا ر آلے سے کاٹ کر بوری میں بند کر کے نہر میں بہایا گیا۔ راہگیروں نے بوری بند لاش کو دیکھ پولیس کو اطلاع دی تو قریبی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بوری بند لاش کو باہر نکالا گیا تو اس کے ساتھ ایک سکول بیگ تھا جس میں بچے کا نام اعجاز یعقوب اور پتہ باغبانپورہ کالکھا ہوا تھا ۔ پولیس نے اس حوالے سے تھانہ باغبانپورہ پولیس سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ اس بچے کے والدین نے 2روز قبل بچے کے اغواء ہونے کی درخواست دی تھی ۔