اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پولیس نے تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کو گرفتار کر کے رہا کر دیا جبکہ 50 مزیدکارکنوں کو گرفتار کر لیا ،عندلیب عباس کوگردن سے دبوچ کر پولیس وین میں دھکیل دیا گیا، کارکنوں نے عندلیب عباس کو چھڑانے کی کوشش کی تو پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنماعندلیب عباس پی ٹی آئی کا قافلہ لے کر بنی گالہ پہنچیں تو کورنگ روڈ پر پولیس نے انہیں روکا جس پر انہوں نے بنی گالہ جانے کا کہا لیکن پولیس نے اجازت نہ دی اور وہاں نعرے بازی شروع ہو گئی۔ اسی دوران پہلے وہاں موجود تحریک انصاف کے کارکن بھی جمع ہو گئے جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے 50 کے قریب تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے اور عندلیب عباس کو بھی گرفتار کیا اور بعد ازاں اسے رہا کر دیا پولیس کی جانب سے عندلیب عباس کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا اور انہیں گردن سے دبوچ کر پولیس وین کے طور پر استعمال کی جانے والی ایک پرائیویٹ گاڑی میں بے دردی سے دھکیل دیا۔ اس دوران عندلیب عباس چیختی اور مزاحمت کرتی بھی نظر آئیں جبکہ وہاں موجود کارکنوں نے انہیں چھڑانے کی کوشش کی تو پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج شروع کر دیا گیا اور مزید کارکنوں کو بھی گرفتارکر لیا گیا۔اس تمام تر واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے اور تصادم انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔