اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی دارالحکومت کے علاقے بنی گالہ کے رہائشیوں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے گھر کے باہر مظاہرین کو منشتر کرنے کے لئے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو تحریری درخواست دے دی ،درخواست میں رہائشیوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج کی صورت میں بنی گالہ میں موجود دیگر رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،رات کے اوقات میں گانے بجانے اور غل غپاڑہ کی آوازوں نے ہمارا جینا دوبھر کردیا ہے،علاقے کو مظاہرین سے پاک کروایا جائے اور بنی گالہ میں ایک سیاسی جماعت کے لیڈر کے ہاں جو طوفان بدتمیزی برپا ہے اسے ختم کروایا جائے تاکہ اہلیان بنی گالہ قید سے آزاد ہو سکیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے علاقے بنی گالہ میں دیگر رہائش پذیر مکینوں نے علاقے کو مظاہرین سے پاک کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو تحریری درخواست دے دی ، بنی گالہ کے رہائشی اظہر محمود، التمش زاہد، ریاض شاکر، ثقلین بخاری، نرما خالد ودیگر نے درخواست میں ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بنی گالہ میں سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج کی وجہ سے وہاں موجود دیگر رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، رات کے اوقات میں گانے بجانے اور غل غپاڑہ کی آوازوں نے ہمارا جینا دوبھر کردیا ہے ، گھروں میں بیمار بزرگ تکلیف میں مبتلا ہیں ،سڑکوں پر ناکے اور مظاہرین کے ہونے کی وجہ سے ہم ان کو ہسپتال نہیں لے جا سکتے جبکہ رات کے اوقات میں شور کی وجہ سے بنی گالہ میں رہائش پذیر دیگر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ علاقے میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور غلاظت ہے ، ہماری عورتوں کا گھر سے نکلنا مشکل ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ہم مجبوراً ضلعی انتظامیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ علاقے کو مظاہرین سے پاک کروایا جائے اور بنی گالہ میں ایک سیاسی جماعت کے لیڈر کے ہاں جو طوفان بدتمیزی برپا ہے اسے ختم کروایا جائے تاکہ اہلیان بنی گالہ قید سے آزاد ہو سکیں ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں