لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت کو مفلوج کرنے کیلئے ابتدائی ہوم ورک شروع کر دیا ، اہم حکومتی خصوصاًنیب ،ایف آئی اے ،ایف بی آر اور الیکشن کمیشن کے دفاتر کو جانے والی شاہراہوں کو بلاک کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے جسے باقاعدہ پیپر ورک کی شکل دے کر اس کی حتمی منظوری دی جائے گی ۔پارٹی ذمہ داران کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کارکنوں کو طویل دھرنے دینے کیلئے قائل کریں اور اس کیلئے خصوصی طور پرمتحرک کارکنوں کے گروپس کا چناؤ کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق خواتین کی بھاری تعداد میں شرکت کو بھی احتجاج میں کامیابی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خواتین کے ہوتے ہوئے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی طرح کے تشدد سے گریز کرینگے اس لئے زیادہ سے زیادہ خواتین کی تعداد کو اسلام آباد کے احتجاج میں شریک کیا جائے ۔