لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ، چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی رائیونڈ مارچ میں شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس دوران سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی رائیونڈ مارچ میں شرکت پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماں کے مابین ہونے والے رابطے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو پاناما لیکس کا ایشو دفن نہیں کرنے دیں گے ، رائیونڈ مارچ میں عوام کا سمندر نظر آئے گا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ شیخ رشید نے عمران خان کو رائیونڈ مارچ کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما ایشو کا آخر تک تعاقب کریں گے اور حکمرانوں کے احتساب پر تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں ۔رائیونڈ مارچ میں عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔