اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی جانب سے بے بلوچستان میں مداخلت اور بھارتی حکومت کی جانب سے بار بار علیحدگی پسند افراد کا حوالہ دیے جانے کے جواب میں غیور قبایلیوں نے بھارت کے منہ پر کرارا تھپر دے مارا ہے۔غیور قبائل کی جانب سے بھارت کے خلاف چمن میں ریلی نکالی گئی جس میں کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے ساتھ مل کر دشمن کےخلاف لڑنے کا حلف بھی اٹھایا گیا۔
چمن میں پشتون قبائل نے بھارتی دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں کیخلاف احتجاج کیا اور ریلی نکالی،قبا ئلیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی دھمکیوں اور اشتعال انگیزیوں کیخلاف ہزاروں پشتون سرحدی قبائل نے ڈی سی کمپلیکس چمن سے چمن پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی ،مظاہرین نے کتبے اور بینرز اٹھارکھے تھے جس پر بھارت مخالف نعرے درج تھے ،مظاہرین نے بھارتی حکومت ، نریند مودی کیخلاف اور ’’بھارت جان لے پاکستان برما نہیں‘‘ کے نعرے لگائے۔پشتون قبائلی رہنماؤں نے کہا کہ بھارت جان لے ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا دیکر ٹریفک معطل کر دیا،اس موقع پر قبائلیوں نے حلف لیتے ہوئے کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مغربی سرحد کے پشتون قبائل سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑینگے۔