لاہور (آن لائن) لاہورپولیس نے تحریکِ انصاف کے رائے ونڈمیں 30ستمبرکے احتجاج کی حفاظت کے لئے سیکورٹی پلان مرتب کرلیا، 6 ہزار اہلکاراس روزسیکورٹی پرمامورہوں گے۔پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اڈاپلاٹ پراحتجاج کومکمل سیکورٹی فراہم کرنیکا منصوبہ بنالیاگیا،پولیس حکام اورپی ٹی آئی کے رہنمائوں نے اڈا پلاٹ کا دورہ کرکے سیکورٹی پوائنٹس کا جائزہ بھی لیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کی حفاظت کیلئے 11 ایس پیز ،23 ڈی ایس پیز اور 50 انسپکٹرز کو ذمے داریاں سونپی گئی ہیں ،جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے جبکہ شرکاء کی میٹل ڈیٹیکٹرز سے تلاشی بھی لی جائے گی۔دوسری طرف 30ستمبر کو رائیونڈ روڈ عام ٹریفک کیلئے بند کر دی جائیگی اورٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کردیاجائے گا ، ٹریفک پولیس نے اس مقصد کے لئے متبادل ٹریفک روٹ پلان کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے ۔