لاہور ( این این آئی) لاہور کی سیشن عدالت کے روبرو کشمیریوں کا قتل عام کرنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کیلئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلا ء کو مزید دلائل کے لئے طلب کر لیا۔ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رائے نواز مارتھ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار رانا عبدالحمید ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے اور بڑے پیمانے پر مقبوضہ جموں کشمیر میں قتل عام کا سلسلہ جاری ہے ۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کشمیر میں تشدد کو فروغ دے رہے ہیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت نریندر مودی کے خلاف دہشت کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ دوران سماعت ایس ایچ او تھانہ پرانی انارکلی کی جانب سے سرکاری وکیل نے جواب داخل کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنا تھانہ پرانی انارکلی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا لہٰذا درخواست گزار عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔ فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی ۔