لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے اونج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے متعلقہ ریکارڈ عدالتی تحویل میں لینے کیلئے دائر درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے26 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس عابدعزیزشیخ اور جسٹس شاہدکریم پر مشتمل دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دوران سماعت موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر اس کے باوجود معلوماتی کمیشن اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے متعلقہ کوئی بھی معلومات فراہم نہیں کر رہا۔معلوماتی کمیشن حکومت پنجاب کا آلہ کار بن کے شہریوں کوان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ میگا پراجیکٹس کے ریکارڈ کو ضائع کرنا موجودہ حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے ،حکومت پنجاب کے سابق ریکارڈ کی روشنی میں اورنج لائن ٹرین منصوبے متعلقہ تمام ریکارڈ،معاہدہ جات کی تفصیلات،کنٹریکٹرز سے متعلقہ ریکارڈ،،تخمینہ جات اور منصوبے میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار سے متعلق تمام دستاویزات اور نیب میں موجود مقدمات کا ریکارڈ عدالتی تحویل میں لینے کے احکامات صادر کئے جائیں۔ڈویژن بنچ نے پنجاب حکومت کو 26ستمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔