اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلز پارٹی کے سینئر پارلیمنٹرین اور سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے نجی ٹی وی شو میں بات چیت کرتے ہوئے ن لیگ کے ڈنڈا بردار فورس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت کہاں تھے جب نواز شریف کی حکومت کے خاتمے کے بعد کلثوم نواز ہر طرف امداد کے لئے بھاگی پھر رہی تھیں اور لاہور کے مین مال روڈ پر ان کی گاڑی کو کوئی گھنٹے تک کرین کے ذریعے ہوا میں معلق رکھ کر ان کی تذلیل کی گئی تھی۔لہذا یہ سب افراد ابن الوقت ہیں اور حکومت کی اشیر باد سے ہی سب کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطاق نجی ٹی وی چینل کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ جس لاہور شہر کو اپنا گڑھ اور مرکز کہتے ہیں اور جہاں پر اپنی طاقت کے نعرے لگاتے نہیں تھکتے اسی لاہورشہر کےمرکز میں مین مال روڈ پر کلثوم نواز کو گاڑی سمیت انتہائی تذلیل کے ساتھ کئی گھنٹے تک کرین کی مدد سے ہوامیں لٹکا کر رکھا گیا اس وقت یہ لوگ کہاں تھے اور اگر اس وقت کسی کا سر پھٹا ہوتا تو میں کہتا کہ یہ بہت بہادر ہیں یا اپنے لیڈرز کے وفادار ہیں مگر یہ لوگ صرف حکومت میں ہونے کی وجہ سے ہی اچھلتے پھر رہے ہیں۔