اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اڑی حملے کا الزام پاکستان پر لگانے اور کشیدگی کو بڑھانے کی کوشش اسے مہنگی پڑے گی۔ اپنے رد عمل میں انہوں نے کہاکہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملے سے متعلق مودی سرکار کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتا ہے اور بغیر تحقیقات کے ایسے الزامات نہیں لگائے جانے چاہئیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسا کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تقریباً تین ماہ سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور معصوم کشمیریوں پر پیلٹ گنوں سمیت مظالم کے دیگر نئے طریقے استعمال کررہا ہے جس کے نتیجے درجنوں کشمیری شہید بھی ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں حالات کا ذمہ دار خود بھارت ہے اور بھارت کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسی کارروائیاں کررہا ہے ۔