اسلام آباد /دبئی (این این آئی)گرین شرٹس ویسٹ انڈیز سے مقابلے کیلئے دبئی پہنچ گئی ٗ شادی کی تیاریوں میں مصروف محمد عامر تاخیر سے ٹیم کو جوائن کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی 20سیریز کے لئے قومی اسکواڈ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے دبئی روانہ ہوا، اس سے قبل منتخب کرکٹرز سرفراز احمد ( کپتان )، شرجیل خان، خالد لطیف، بابر اعظم، عمراکمل، شعیب ملک، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد نواز، سعدنسیم، وہاب ریاض،حسن علی، سہیل تنویر اور رومان رئیس نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کی۔شادی کی تقریبات میں مصروف محمد عامر ہمراہ نہیں تھے، پیسر تاخیر سے اسکواڈ جوائن کریں گے، این سی اے میں ٹیم منیجر وسیم باری نے کھلاڑیوں کو ڈسپلن اور اینٹی کرپشن کے حوالے سے لیکچر میں ناپسندیدہ عناصر سے دور رہنے اور انفرادی طور پر کسی بھی ایونٹ کیلئے انجان افراد کی میزبانی قبول نہ کرنے کا پابند کیا، ڈوپنگ معاملات میں انتہائی احتیاط برتنے اور بغیر مینجمنٹ کو اطلاع کیے ادویات کے استعمال سے گریز کی بھی ہدایت دی گئی، سابق وکٹ کیپر بیٹسمین نے پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے والوں کو ملکی وقار کیلیے جان لڑانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ موقع ملنے پر اسے کارآمد بنانے کیلئے بھرپور محنت کریں،بینچ پر بیٹھنے کی صورت میں دل چھوٹا کرنے کے بجائے مناسب وقت کا انتظار اور ساتھی کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔دریں اثناکپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹوئنٹی20فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کے عالمی چمپئن ہونے کا کوئی دباؤ نہیں لیں گے، ہمارا مورال بلند ہے، مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے،انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف کارڈف میں آخری ون ڈے اور بعد ازاں مختصر طرز کے واحد مقابلے میں جس انداز سے کھیلتے ہوئے کامیابیاں سمیٹیں، اس کے بعد محدود اوورز کی کرکٹ میں گرین شرٹس کا اعتماد بحال ہوا ہے،کیریبیئنز کے مقابل بھی اس جارحانہ کھیل کو جاری رکھتے ہوئے فتوحات حاصل کریں گے۔سرفراز احمد نے کہاکہ ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹوئنٹی 20ٹائٹل جیتا تو انگلینڈ نے بھی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، انگلش ٹیم کو اس کی سرزمین پر شکست دے سکتے ہیں تو یواے ای میں کیریبیئنزکو روکنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، میں نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ کوئی دباؤ لیے بغیر صرف جیت کا جذبہ لیے اپنے قدرتی کھیل کا مظاہرہ کریں، مختصر فارمیٹ میں فٹنس اور فیلڈنگ بہت اہم کردار ادا کرتی ہے، فیلڈرز سنگلز، ڈبلز روکیں تو بولرز کا حوصلہ بڑھ جاتا ہے۔ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ تمام کھلاڑی محدود اوورزکی کرکٹ میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہیں، ٹی 20کپتان کے طور پر عالمی رینکنگ میں بہتری کو ہدف بنالیا، اس مقصد کو پانے کیلئے جدید انداز اپنانا انتہائی ضروری ہے، دورۂ انگلینڈکے آخری دونوں میچز کی کارکردگی تسلسل کے ساتھ دہراتے ہوئے بہتری کی جانب گامزن رہ سکتے ہیں۔پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچز کھیلے گی دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 23 ستمبر، دوسرا 24 جب کہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوینٹی 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا،پہلے 2 میچز دبئی جب کہ آخری میچ ابو دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔