شہدادپور ( این این آئی ) مسلم لیگ فنکشنل سے تعلق رکھنے والے پیر محمد اکرام رضا کی اپنی موہل برادری سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت ، ضلعی رہنماء عالمگیر جونیجو کی موجودگی میں شمولیت کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل شہدادپور سے تعلق رکھنے والے سینئر رہنماء پیر محمد اکرام رضا نے اپنی موہل برادری سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تقریب سے پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنماء عالمگیر جونیجو ، میونسپل کمیٹی شہدادپورکے وائس چیئرمین لالہ محمد اسلم راجپوت ، جٹیا ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین محمد رمضان راجپوت ، کونسلر بن یامین آرائیں ، و دیگر رہنماؤں نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنماء عالمگیر جونیجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد پرستانہ سیاست کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹوں کا سامنا تھا ۔ اب اللہ نے ان لوگوں سے جان چھڑائی ہے تو اب شہدادپور میں ترقیاتی کام اورسڑکوں کی تعمیر کاکام تیزی سے جاری ہے ۔ جس سے مخالفین کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ لوگ مختلف پارٹیوں سے مایوس ہوکر پی پی پی میں شامل ہو رہے ہیں ۔ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی پورے ضلع سانگھڑ سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔