لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آمدن اور اخراجات کی تفصیلات عوام اور اداروں کی دسترس میں ہیں، تحریک انصاف کا رائیونڈ مارچ محرم الحرام سے قبل ہو گا۔ایک بیان میں مرکزی سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی آبائی زمین سے حاصل ہونے والی زرعی آمدن اور بچت کے ذریعے اپنے روزمرہ کے اخراجات کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں گزشتہ دو برس کے دوران چیئرمین تحریک انصاف کے اکانٹ میں موجود رقم میں 2کروڑ روپے کی کمی بھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آبائی زمین سے حاصل ہونے والی آمدنی پر 4لاکھ بطور ٹیکس ادا کئے ہیں جبکہ عمران خان نے اپنے پاس موجود کیش آمدن پر 76ہزار روپے بطور ٹیکس ادا کئے۔نعیم الحق نے مزید کہا کہ چیئرمین عمران خان کے ذرائع آمدن اثاثے اور ٹیکس کی تمام تفصیلات پارٹی ویب سائیٹ، الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد آبائی زمین سے حاصل ہونے والا زرعی منافع، آمدن کا بنیادی ذریعہ ہے جبکہ بدنیتی اور مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیئے چلائی جانے والی پروپیگینڈا مہم پہلے کی طرح اب بھی ناکام و نامراد ہوگی۔اس سے قبل جاری ایک بیان میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ مارچ کے لیے ہم خیال جماعتوں کو باضابطہ طور پر دعوت دیں گے جبکہ عید کے فوری بعد ہم خیال جماعتوں سے مشاورت کر کے حتمی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔