لاہور(آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا ہے کہ نوازشر یف آئندہ 2ماہ میں وزیر اعظم کے عہدے سے فارغ ہو جائیں گے‘اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن میں نوازشر یف اور انکے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف جو ثبوت جمع کروائے ہیں وہ انکی نااہلی کیلئے کافی ہیں ‘پیپلزپارٹی بھی عید کے بعد حکمرانوں کے خلاف میدان میں نظر آئیگی ۔ اپنے ایک انٹر ویو میں سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ نوازشر یف اور انکے خاندان نے جو کر پشن لوٹ مار ‘منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی ہے اسکے تمام ثبوت ہمارے پاس ہے جو الیکشن کمیشن جمع کرواچکے ہیں اس لیے نوازشر یف اور انکے خاندان کے دیگر افراد کی نااہلی نوشتہ دیوار ہے ۔ انہوں نے کہا کر پشن کے خلاف عمران خان اور تحر یک انصاف کا احتجاج انکا جمہو ری حق ہے اور پیپلزپارٹی بھی عید کے بعد میدان میں ہوگی ۔