کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت پاکستان نے ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی چھان بین شروع کردی ہے۔ ایف آئی اے کے تین سرکلز الزامات کی چھان بین کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کا ٹاسک وفاقی تحقیقاتی ادارے کو سونپ دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی میں باقاعدہ انکوائری رجسٹرڈ کرلی ہے۔ ایف آئی اے کے تین سرکلز منی لانڈرنگ الزامات کی مشترکہ تحقیقات کرینگے۔ ان میں کمرشل بینکنگ، اسٹیٹ بینک سرکل اور کاونٹر ٹیررازم ونگ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں 5 این جی اوز کے اکاونٹ کی چھان بین بھی شروع کردی گئی ہے جبکہ ایم کیوایم کے فلاحی ادارے کے کے ایف کے بھی اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات براہ راست نگرانی ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات کر رہے ہیں۔