اسلام آباد(آئی این پی)وزرات سیفران نے پاکستان میں موجود رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کی سمری وزیراعظم کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے،افغان مہاجرین کے قیام کی مدت 30جون کو ختم ہوجائے گی۔رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں مزید ڈیڑھ سال کی توسیع کی سفارش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزرات سیفران نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں مزید ڈیڑھ سال کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی منظوری وزیراعظم نواز شریف سے لی جائے گی۔وزرات سیفران نے افغان مہاجرین کی قیام کی مدت بڑھانے کی سمری تیار کرلی ہے جو رواں ہفتہ وزیراعظم آفس کو ارسال کردی جائے گی،افغان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کی سمری 2ماہ قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس کیلئے ارسال کی گئی تھی،لیکن کابینہ کا اجلاس نہ ہونے کے باعث یہ سمری زیر غور نہ آسکی اب براہ راست وزیراعظم آفس کو سمری ارسال کی جائے گی،واضح رہے کہ افغان مہاجرین کی مدت 30جون کو ختم ہوجائے گی،پاکستان میں موجود رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 15لاکھ ہے۔