اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے اَزخود معاملات کی نگرانی شروع کردی۔پارٹی ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے انکوائری کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) پر اتفاق رائے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری رکھیں تو عید کے بعد پی ٹی آئی سڑکوں پر آسکتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ عمران خان پہلے پاناما لیکس کے حوالے سے قائم پارلیمانی کمیٹی کی پیش رفت دیکھنا چاہتے ہیں، پارلیمانی کمیٹی کی ناکامی کے بعد ہی پی ٹی آئی کے چیئرمین حکومت اور کرپشن کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کرسکیں گے۔