اسلام آباد (این این آئی) محکمہ موسمیات نے مون سون کے دوران ملک میں 10 سے20 فیصد معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے اورپنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن سمیت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) منگل کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، ڈی جی خان، سرگودھا، راولپنڈی ڈویڑن، فاٹا، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے شہروں مالم جبہ18، چراٹ10، پاراچنار06، سیدو شریف04، بالاکوٹ01، پنجاب کے شہروں جوہرآباد33، ڈی جی خان 17 ، چکوال10، سرگودھا06، کوٹ ادو، اسلام آباد، راولپنڈی02، منگلا01 اورکشمیر کے علاقوں گڑھی دوپٹہ03، ٗ گلگت01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔