اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی افغان پالیسی پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرناک ہے، ٗ خطے کی صورتحال اس قسم کے واقعات کی متحمل نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہاکہ حکومت اعلیٰ سطح پر افغان انتظامیہ کے ساتھ اس معاملے کو اٹھائے اور اس کے اسباب کا مؤثر تدارک کرے ٗ پائیدار امن پاکستان اور افغانستان ہی نہیں پورے خطے اور عالم کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق افغانستان میں ناکام امریکی مہم کے تباہ کن اثرات سے کروڑوں انسانوں کو محفوظ رکھنے کیلئے دونوں حکومتیں معنی خیز اقدامات کریں تاہم پاکستان کی سلامتی اور سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ ناقابل قبول ہے۔