لاہور ( این این آئی) لاہور کے علاقہ کوٹ لکھپت میں نوجوان نے محبت میں ناکامی پر لڑکی کے گھر گھس کر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر لڑکی کی بہن زخمی ہو گئی جبکہ لڑکے نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، اشفاق نے مہوش رشتہ دینے سے انکار پر گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی ، لڑکی کی بہن ندا زخمی ہو گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ لاہورکے جنرل ہسپتال میں ایک نوجوان کی لاش جبکہ ایک لڑکی کو زخمی حالت میں لایا گیا، دونوں کو گولیاں لگی تھیں۔ مرنے والے نوجوان کی شناخت اشفاق جبکہ زخمی لڑکی کی شناخت ندا کے نام سے ہوئی۔زخمی لڑکی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ کوٹ لکھپت کے علاقے اسماعیل نگر کی رہائشی ہے، اشفاق اس کی بہن مہوش سے محبت کرتا تھا اور شادی کرنا چاہتا تھا۔ ہفتے کی صبح جب ہم ناشتہ کر رہے تھے تو وہ اچانک گھر میں گھس آیا اور دھمکی دی کہ وہ خود کو گولی مار لے گا ۔ جس پر میری والدہ نے کہا کہ بیٹھ کر بات کر لیتے ہیں ۔ لیکن اشفاق نے میری والدہ اور مہوش کو بھی دھکا دیا اور فائرنگ کر دی ۔ میں نے مہوش کو بچانے کی کوشش کی تو خود فائرنگ کی زد میں آگئی ۔ جس کے بعد اشفاق نے گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔بتایا گیا کہ اشفاق کی جانب سے مہوش کے گھر رشتہ بھی بھجوایا گیا تاہم انکار کر دیا گیا تھا ۔ دوسری جانب پولیس اورطبی عملے کا کہنا ہے کہ بظاہراشفاق کی موت خودکشی کا نتیجہ نہیں لگتی کیونکہ اشفاق کی موت دل میں گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے، جس زاویے سے اشفاق کو گولی لگی ہے عام طور پر خودکشی میں اس طرح گولی نہیں لگتی۔ اشفاق کی لاش پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے اور پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سے اس کی موت کا تعین کیا جاسکے گا۔ دوسری جانب بی آر بی نہر سے ایک 27سالہ خاتون کی لاش بھی برآمد ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی ، لاش پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے ۔