اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے جولائی، اگست، ستمبر کے دوران ملک میں 10 سے20 فیصد معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب،خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر ، سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونگی ۔ترجمان محکمہ موسمیات محمد فاروق نے بتایا کہ ویک اینڈ کے دوران کشمیر،بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا ، فاٹا اور اسلام آبادمیں کہیں کہیں ٗ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں چندمقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے بارش اور تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی حالیہ شدت میں قدرے کمی آئے گی ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے دوران موسم شدیدگرم اور خشک رہیگاتاہم ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ،فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر جبکہ مالاکنڈ،مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور،سکھر،لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد ،کوئٹہ ،ڑوب ڈویژن، فاٹا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پرتیز ٗآندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے ۔ملک کے شمالی علاقوں میں بھی اگلے دو سے تین روز کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔ترجمان کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہاتاہم کشمیر اور گوجرانولہ ڈویژن میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کے مطابق تربت50، شہید بینظیر آباد49، دادو، سبی47، نوکنڈی، روہڑی، نورپورتھل، رحیم یارخان، موہنجوداڑو، جیکب آباد، اوکاڑہ، بھکر، بہاولنگر45ٗ لاہور میں کم سے کم28، اسلام آباد 26، کراچی 29، پشاور 24، کوئٹہ 21، گلگت 16، چترال 17اور ہنزہ میں 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔