نمازجمعہ کے دوران مسجدکی چھت گرنے سے 5نمازی شہید‘ 20 سے زائد زخمی
کراچی (مانیٹرنگ )کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نمازجمعہ کی ادائیگی کے دوران مسجدکی چھت گرنے سے پانچ افراد شہید،جبکہ 20کے قریب زخمی ہوگئے،زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی،6زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے،وزیراعظم نوازشریف نے مسجد کی چھت گرنے سے شہادتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دیں، وزیراعلی سندھ نے بھی مسجد کی چھت گرنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نمازجمعہ کی ادائیگی کے دوران مسجد کی چھت گرگئی،افسوس ناک واقعہ میں پانچ نمازی شہید جبکہ20کے قریب زخمی ہوگئے،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے عباسی شہید ہسپتال میں منتقل کردیا گیاہے،ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق چھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے،عینی شاہدین کے مطابق رمضان المبارک کا پہلا جمعہ ہونے کے باعث کثیر تعدادمیں نمازی مسجد میں موجودتھے،جو چھت گرنے سے ملبے تلے دب گئے،جامع مسجدعثمان غنی کا ایک حصہ زیرتعمیرتھا،جس کی چھت گری،واقعہ کے بعد کے ریسکیو اور رینجرز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں مسجد کی چھت گرنے سے شہادتوں پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کمشنر کراچی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کے علاج کے لئے ہدایات بھی دیں،وزیراعلی سندھ نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مسجد زیرتعمیر تھی تو نماز کی اجازت کس نے دی۔انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ ملبہ اٹھانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں