اسلام آباد (این این آئی)سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے خواجہ آصف کے غیر پارلیمانی الفاظ پر دختر اول مریم نواز سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں آصفہ بھٹو زرداری نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی شدید بھرپور مذمت کی۔ آصفہ بھٹو نے کہا کہ خواجہ آصف کی پارلیمنٹ میں غیر شائستہ اور غیر پارلیمانی زبان ہرگز قبول نہیں، خواجہ آصف کے نا زیبا الفاظ سے پارلیمان کا تقدس مجروح ہوا ہے۔ جس پر آصفہ بھٹو نے دختر اول مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک خاتون ہونے کے ناطے خواجہ آصف کے خلاف نہ صرف نوٹس لیں، بلکہ ان کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کے استعمال پر سخت ایکشن بھی لیا جائے۔