اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے کی طرف سے پانچ ارب روپے ہرجانے کے دعویٰ میں دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 جون تک جواب دعوی جمع کرانے کا حکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی مصطفیٰ ڈار کی جانب سے دائر ہرجانے کے دعویٰ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے پانامہ لیکس کے معاملے پر پریس کانفرنس میں ان پر متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی جائیداد بنانے جھوٹا الزما عائد کیا تھا جس سے ان کی شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچا ہے اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ہے اس کیس کی سماعت ضلعی عدالت کے جج راجہ خرم علی خان نے کرنی تھی جو آج غیر حاضر تھے جبکہ عمران خان اور مدعی علی مصطفیٰ ڈار بھی عدالت میں موجود نہ تھے جس پر عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو 18 جون کو دوبارہ طلب کر لیا ہے ۔