اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ڈیزائن کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر دینے کا انکشاف ہوا ہے جس سے قومی خزانہ کو سولہ کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے من پسند کمپنیوں کو ائرپورٹ کا ٹھیکہ دینے اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کے عمل کیخلاف اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات شروع ہوچکی ہیں ۔ آن لائن کو حکومتی دستاویزات میں معلوم ہوا ہے کہ گوادر ائرپورٹ کی تعمیر کا ڈیزائن نیسپاک اور اے ڈی بی آئی کمپنیوں کو الاٹ کیا گیا تھا سی اے اے کی انتظامیہ تعمیرات کی نگرانی اور دیکھ بھال کا ٹھیکہ بھی اس فرم کو دے کر قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے دستاویزات کے مطابق گوادر ائرپورٹ کی تعمیر بارے کنسلٹنی کاٹھیکہ نیسپاک اور اے ڈی پی کو دینا قانون کی واضح خلاف ورزی ہے جس کی اعلیٰ پیمانے پر تحقیقات ہونی چاہیے کیونکہ یہ کنٹریکٹ انجینرنگ کونسل کے قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے اس کی ذمہ دار گوادر ائرپورٹ کے پراجیکٹ انتظامیہ کو ٹھہرایا گیا ہے دستاویزات کے مطابق منصوبہ کا ڈیزائن تیار کرنے اور اس منصوبے کی تعمیرکا ٹھیکہ کسی ایک کمپنی کودینے مفادات کے تضاد کے مترادف ہے اس لئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کو جب اس کرپشن کا انکشاف ہوا تو انہوں نے پورے معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔