اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر تجزیہ نگار نے بڑا دعویٰ کر دیا، نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ نگار عارف نظامی نے کہا کہ مریم نواز ایک اجلاس بلاتی ہیں اور تمام سیکرٹریز تابعداری کیساتھ وہاں بیٹھے ہوتے ہیں۔ عارف نظامی نے کہا کہ یہ سیکرٹری وغیرہ اتنے خود سراور مغرور ہوتے ہیں کہ اپنے وزراء کی بات نہیں مانتے اور اپنی ’’میں‘‘ میں رہتے ہیں لیکن یہاں مریم نواز کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں۔ سینئر تجزیہ نگار نے کہا کہ مریم نواز نہ ہی رکن قومی اسمبلی ہیں اور نہ ہی وزیر لیکن وہ سرکاری افسران ، بیورو کریسی کو احکامات دے رہی ہیں اور وزیر اعظم کے اختیارات استعمال کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک سینئر تجزیہ نگار یہ انکشاف کر چکے ہیں کہ ’’آپریشن پر جانے سے قبل وزیر اعظم نواز شریف نے تمام متعلقہ حکام کو کہا تھا کہ مریم نواز کے حکم کو میرا حکم سمجھا جائے‘‘۔ مریم نواز بغیر کسی آئینی و قانونی حیثیت کے وزیر اعظم کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کو احکامات جاری کر رہی ہیں اور اجلاس بلا رہی ہیں۔