اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جون کے تیسرے ہفتے سے شروع ہونے والا مون سون ستمبر تک اختتام پذیر ہو گا ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی جس سے شہر اقتدار کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں تیزاورٹھنڈی ہوا ؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی ہے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا ٗلاہوراور گوجرانوالہ میں آئندہ 24گھنٹوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جون کے تیسرے ہفتے سے شروع ہونے والا مون سون ستمبر تک اختتام پذیر ہو گا جس کے باعث شدید بارشیں سیلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برسات کے پہلے مرحلے میں پاکستان کے شمالی علاقوں میں خوب بارشیں ہو گی ،دوسرے مرحلے میں کشمیر، خیبر پختونخوا، پنڈی ڈویڑن ، گوجرانوالہ ڈویڑن اور میانوالی ڈویڑن سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے مون سون کا سلسلہ بڑھتا ہوا سندھ تک پھیل جائے گا اور رواں سال تھر میں بھی جل تھل ہو گا۔