لاہور (این این آئی)سی آئی اے پولیس کے ساتھ گذشتہ روز مقابلے میں ہلاک ہونے والے لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اشتہاری ملزم خرم لطیف نہایت خطرناک ، نڈر ذہن کا مالک تھا جوحساس ادارے کے اہلکار اکبر زمان کو 2 کروڑتاوان کے لئے اغواکرنے کی واردات کے علاوہ برانڈرتھ روڈ لاہورکے تاجر شعیب کو 10 کروڑ روپے ، لبرٹی مارکیٹ لاہور سے تاجر حمید کو ایک کروڑ رپے ، راولپنڈی سے گل خان نامی شہری کو 6 کروڑ روپے،اسلام آباد سے شیخ حفیظ کو 30 کروڑ روپے ، کلثوم پلازہ اسلام آباد سے محمد طاہر کو 16 کروڑ روپے ،راولپنڈی سے شاہ زیب کو 5 کروڑ روپے اور ڈیرہ اسماعیل خان سے محمد آصف کو 6 کروڑ روپے تاوان کے لئے اغوا کرنے کی وارداتوں میں نہ صرف خود ملوث تھا بلکہ ان کا مرکزی کردار تھا۔ ملزم لشکر جھنگوی سے تحریک طالبان کے مطیع الرحمن گروپ میں شامل ہوا تھا اور ان کو فنڈز فراہم کرنے کے لئے اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرتا تھا۔ ملزم کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھایہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزم گذشتہ رات تھانہ کاہنہ کی حدود میں موضع جھیڈو میں سی آئی اے پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھاجبکہ اس کے 2 دہشت گرد ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔