اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں حیرت انگیز انکشاف کر دیا، عمران خان نے اپنے ماضی کا ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ’’میری بہن اس وقت لندن سکول آف اکنامکس میں پڑھ رہی تھی اور میں آکسفورڈ میں پڑھ رہا تھا، اس وقت برطانوی پاؤنڈ کی قیمت 13 روپے تھی۔ اس وقت 1971 ء کی جنگ شروع ہو گئی اور پاؤنڈ 28 روپے کا ہو گیا۔ ان دنوں میں مخصوص رقم سے زیادہ رقم بیرون ملک نہیں منگوائی جا سکتی تھی۔ اس وقت میں نے اپنے والد صاحب سے کہا کہ آپ بہن کو رقم بھیج دیں اور اپنے لئے مجھے زندگی میں پہلی بار کام کرنا پڑا‘‘ ۔ عمران خان نے کہا کہ میں ایک چھوٹے سٹور میں برتن اٹھانے ‘ دھونے اور پنیر وغیرہ کاٹنے کی نوکری کی ‘ دس دن بعد ہی میری وہاں لڑائی ہو گئی اور مجھے کام سے نکال دیا گیا۔عمران خان نے کہا کہ میں نے مشکل وقت دیکھا ہوا ہے۔ دنیا میں کوئی بھی انسان بڑا کام بغیر جدوجہد کے نہیں کر سکتا۔