پشاور(آن لائن) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حمداللہ جان بڈھنی نے پشاور کے نانبائیوں کی جانب سے نان کے وزن بڑھانے اور پرانی قیمت پر فروخت کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں حمداللہ جان بڈھنی نے کہا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خور اشیاء خورونوش کی قیمتیں بڑھا کر خودساختہ مہنگائی پیدا کردیتے ہیں۔ لیکن پشاور کے نانبائیوں کی جانب سے روٹی کے وزن میں 10گرام اضافے اور اسے پرانی قیمت پر فروخت کے اعلان سے پشاور کے غریب شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے پشاور کے تاجروں سے بھی مطالبہ کیا کہ نانبائیوں کی تقلید کرتے ہوئے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرکے مخلوق خدا سے ہمدردی کریں۔ رمضان رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے۔ تاجر خودساختہ مہنگائی سے اپنی عاقبت خراب نہ کریں۔