لاہور( آئی این پی) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ ہٹ دھڑمی سے وقت سے پہلے عام انتخابات کو دعوت دے رہی ہے ‘ ٹی او آرز کا مسئلہ حل نہیں ہوگا تو کسی بھی وقت عام انتخابات ممکن ہو سکتے ہیں ‘ تحر یک انصاف سڑکوں پر سولو فلائٹ کی بجائے تمام اپوزیشن کو ساتھ لیکر سڑکوں پر آنے کو تر جیح دیں گی‘قوم حکمرانوں کے ’’لولی پاپ ‘‘کے جھانسوں میں نہیں آئیگی ‘رمضان المبارک کے بعد ملک کے سیاسی درجہ حرات میں مزید اضا فہ ہوگا ‘(ن) لیگ کے نمائشی وفاقی بجٹ کیخلاف پوری قوم چیخ رہی ہے ‘ملک میں لوڈشیڈ نگ کم اور سحری وافطاری کے دوران لوڈشیڈ نگ نہ ہونے کے حکومتی دعوؤں کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ‘رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کر نے میں ضلعی اور حکومتی ادارے مکمل ناکام ہو چکے ہیں پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہاں ہے ؟۔ منگل کے روز اپنے دفتر میں تحریک انصاف کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں صرف تحر یک انصاف ہی نہیں متحدہ اپوزیشن سڑکوں پر آنے کیلئے تیارہے ۔ انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ کی حکومت کو چاہیے وہ فوری طور پر ٹی اوآرز کا مسئلہ حل کر یں اور ملکی معاملات کو آگے بڑھایا جائے ورنہ تمام مسائل اور بحرانوں کی ذمہ داری (ن)لیگ کی حکومت پر عائد ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرزکامسئلہ حل نہ کر کے حکومت ملک میں وقت سے پہلے عام انتخابات کو دعوت دے رہی ہے اور وقت آچکا ہے کہ (ن) لیگ جوش کی بجائے ہوش سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے عوام دشمن بجٹ کے خلاف پوری اپوزیشن متحد ہو چکی ہے ۔