لاہور(این این آئی) ملک بھر میں بینکوں اور مالیاتی اداروں نے سیونگ اکاؤنٹس سے زکوۃکی مد میں 5ارب 85کروڑروپے کے لگ بھگ کٹوتی کی ۔امسال زکوۃ کا نصاب 35 ہزار 557 روپے مقرر کیا گیا تھا اور سیونگ اکاؤنٹس میں موجود مقررہ نصاب اور اس سے زائد پر رقم پر 2.5 فیصد کے حساب سے زکوۃکی کٹوتی کی گئی تاہم اگر ڈیپازٹس میں موجود تمام قابل زکوۃرقم سے کٹوٹی ہوتی توحکومت کو اس مد میں 135 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد رقم ملتی۔واضح رہے کہ زکوۃ کی کٹوتی کے لئے گزشتہ سال کا نصاب 33 ہزار 641 روپے تھا اور یکم رمضان حکومت کو زکوۃسے مجموعی طور پر 5 ارب 33 کروڑ 60 لاکھ روپے حاصل ہوئے۔خود زکوۃ دینے کی خواہشمند بنک کھاتوں سے زکوۃکی لازمی کٹوٹی سے بچنے کے لیے کھاتہ داروں نے پیشگی بینکوں سے اربوں روپے نکلوا لیے یا انہیں کرنٹ اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرا دیا۔ جبکہ زکوۃکی لازمی کٹوتی سے بچنے کے لیے بیشتر کھاتہ دار وں نے خود زکوۃدینے کے بارے میں بینک میں بیان حلفی جمع کرانے کا علاوہ سیونگ اکاؤنٹس میں موجود رقم کا ڈرافٹ بنوا لیتے ہیں یا رقم ایک دو روز کے لیے کرنٹ اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرا لی جاتی ہے۔