اسلام آباد (این این آئی)مذہبی اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے الزام میں پاکستان میں ایرانی سرکاری ریڈیواور ٹی وی کے بیورو چیف حسین سرائی کے ویزے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ ذرائع نے ’’این این آئی ‘‘کو بتایا کہ حسن سرائی فرقہ وارانہ پروگراموں کو بڑی اہمیت دیتے رہے ہیں اور پاکستان کے دوسرے ممالک سے تعلقات پر بھی اثر انداز ہوتے رہے ۔ ذرائع کے مطابق ایرانی سرکاری ریڈیو اور ٹی وی کے بیورو چیف نے ویزے میں توسیع کیلئے درخواست دی تھی لیکن متعلقہ حکام نے اس کی مخالفت کی، دریں اثناء این این آئی کو معلوم ہوا ہے کہ ایرانی سفارتخانے کے کلچرل قونصلر مرادی ایک دوسرے اہلکار کے ساتھ بغیر این او سی کے شمالی علاقہ جات کانفرنسوں میں شرکت کیلئے گئے ہیں ، ذرائع کے مطابق یہ سفارتکار سکردو میں ’حسین سب کا‘کے نام سے ایک کانفرنس اور ایک دوسرے پروگرام میں تقاریر کرنے گئے ہیں ، انہوں نے وزارت خارجہ کو صرف اطلاع دی تھی لیکن متعلقہ اداروں سے سیکیورٹی کلیئرنس نہیں لی گئی تھی، کسی سفارتکار کو بغیر این او سی کے شمالی علاقہ جات جانے کی اجازت نہیں۔