لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ وفاق کو توڑنے کیلئے بنایا گیا ہے ،پنجابستان کیلئے بنائے گئے ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے سوشل ویب سائٹ ٹوٹٹر پر جاری بیان میں کہی ۔ بلاول بھٹو نے وفاقی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لگتا ہے بجٹ برائے مالی سال 2016-17ء وفاق کو توڑنے کے لئے بنایا گیا ہے ۔ پنجابستان کے لئے بنائے گئے ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے بلاول بھٹو کے ٹوئٹ پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ ہر کسی کو تبصرے کا حق حاصل ہے لیکن اختلافات میں بعض ایسی چیزیں بھی نتھی کر دی جاتی ہیں جو وفاق اور قومی یکجہتی کے لئے نقصان کا باعث ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی چیز این ایف سی ایوارڈ ہے جسے حکومت طے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے بعد حکومت کو اس بنیاد پر این ایف سی بنانا تھا تاکہ صوبے با اختیار ہوں ۔ وفاق کے محصولات سے صوبوں کا جو حصہ بنتا ہے وہ انہیں ملنا چاہیے ۔ حکومت نے سود کی لعنت اور آئی ایم ایف کر جکڑی بندی میں بجٹ تیار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی کا راگ الاپنے والی جماعتوں کو اس طرح کے الفاظ نہیں کہنے چاہئیں جو قومی وحدت کے لئے اچھی محسوس نہ ہوتے ہوں ۔ آج کل سیاست میں اس قدر شدت آ گئی ہے کہ کسی کی پگڑی اور قومی یکجہتی کی بنیادیں بھی محفوظ نہیں۔