لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی ورکرز نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے حسام مرزا کو26ڈسٹرکٹ کونسل اور چار ٹاؤن کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھٹو شہید اور بی بی شہید کے جیالے ایک طاقت بن کر ابھریں گے ۔ پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی ، بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان ، مرکزی رہنما سردار حُر بخاری ، ساجدہ میر سمیت دیگر نے حسام مرزا کی ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی ورکرز میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سندھ کی سیاست میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے حقیقی کارکن اب نام نہاد قیادت کی مفاد پرس پالیسیوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔ پیپلزپارٹی ورکرز کا قیام نام نہاد قیادت کی پالیسیوں سے نالاں ہو کر گھروں میں بیٹھنے والے کارکنوں کیلئے ایک پلیٹ فارم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ایسا کرنے والے ناکام رہیں گے ۔ہم بھٹو شہید اور بی بی شہید کے مشن کی تکمیل کیلئے سروں پر کفن باندھ کر باہر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری کرپشن اور سیاسی پارٹیوں میں خاندانی اجارہ داری کیخلاف ملک گیر مہم شروع کی جائے گی ۔