اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں رومانیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایملیان آئیون نے پیر کو یہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سیّد طارق فاطمی کے ساتھ ملاقات کی۔ معاون خصوصی نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد پاکستان اور رومانیہ کے درمیان دوستانہ، خوشگوار اور باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلہ میں سفیر کے کردار کی تعریف کی۔ طارق فاطمی نے سفیر کی مستقبل کی ذمہ داریوں کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ رومانیہ کے سفیر نے پاکستان کی زیادہ ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔