اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پشاور کا پانی پولیو سے پاک ہو گیا ہے، ثابت ہو گیا کہ اگر ہم چاہیں تو کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پشاور کے پانی کو پولیو وائرس سے پاک قرار دیئے جانے پر کہا ہے کہ یہ سب عزم اور نیک نیتی سے ممکن ہوا، ثابت ہو گیا کہ اگر ہم چاہیں تو کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پشاور میں پولیو وائرس کی افزائش کے ذخیرہ سے پانی کے جو نمونے لیے گئے ان میں پولیو وائرس کی عدم موجودگی رپورٹ کی گئی جس کی تصدیق عالمی ادارہ صحت نے بھی کی۔ طبی ماہرین کے مطابق اکتوبر سے مسلسل پشاور سے پانی کے نمونے لیے جارہے تھے جس کے بعد اب پہلی بار ان نمونوں میں پولیو وائرس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔یہ نمونے شاہین مسلم ٹاؤن سے لیے گئے ہیں۔ شاہین مسلم ٹاؤن پولیو وائرس کی افزائش کے حوالے سے موزوں ترین علاقہ تھا جو انسداد پولیو کے لیے کام کرنے والے ماہرین اور حکام کے لیے باعث تشویش تھا۔ نومبر سے مستقل لئے جانیوالے ان نمونوں میں پہلی بار پولیو وائرس کی عدم موجودگی دیکھنے میں آئی ہے۔