فیصل آباد(این این آئی) حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے صوبائی چےئرمین حافظ شفیق کاشف کی پریس ریلیز کے مطابق اس سال حج 2016میں پرائیویٹ حج سکیم کے زیراہتمام پری حج آپریشن کا آغاز 4 اگست سے ہوگا اور پاکستان سے آخری حج پرواز 5 ستمبرکو سعودی عرب روانہ ہو گی ، اسی طرح پوسٹ حج آپریشن 17 ستمبر سے شروع ہوگا اور پاکستانی عازمین حج کی واپسی 17ستمبر سے لے کر 16 اکتوبر تک جاری رہے گی حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ سعودی عرب میں اس سال سول ایوی ایشن اور وزارت حج کے نئے قانون کے تحت پاکستان سمیت ایشیائی عازمینِ حج کو 13 ستمبر کو حج مکمل کرنے کے بعد17 ستمبر تک مزید چار دن سعودی عرب میں رکنا پڑے گا جس کا مقصد رش کو کنٹرول کرنا ہے انہوں نے کہا کہ 4 اگست سے 16 اکتوبر تک ہوپ کا مانیٹرنگ سیل اور حجاج کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لےئے مانیٹرنگ ٹیمیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود ہوں گی۔ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین حج ٹوور اپریٹرزکے ساتھ تحریری معاہدے کریں جس میں دورانِ حج حاصل کی گئی خدمات کی تفصیل درج ہو کیونکہ حج ٹوورز آپریٹرز تحریری معاہدوں کے مطابق سروسز دینے کے پابند ہیں حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ ہوپ عازمین حج کی آگاہی کے لئیے مختلف پروگرام شروع کررہی ہے جس کا مقصد عازمین حج میں مناسک حج کی ادائیگی اور انتظامی امور پر معلومات فراہم کرنا ہے۔