راولپنڈی(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے چکلالہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے میں میوزک بجائے جانے پر تحریک انصاف پر وار کرتے ہوئے کہاکہ جتنے مرضی میوزک چلا لیں پرویز خٹک کی طرح میں نہیں ناچوں گا‘ مسلم لیگ (ن) ناچ گانوں والی جماعت نہیں اور نہ ناچ گانے سے ملکی مسائل حل ہوتے ہیں۔ ہفتہ کو چکلالہ مسلم لیگ (ن) کے جلسے کے دوران جب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے خطاب شروع کیا تو اس دوران جلسے میں وقفے وقفے سے میوزک چلایا گیا۔ جس پر و زیر داخلہ نے انتہائی خوشگوار موڈ اور ازراہ مذاق تحریک انصاف کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موسیقی پر میرا بھی ڈانس کرنے کو دل چاہا لیکن میں نے سوچا کہ یہ تحریک انصاف کا جلسہ نہیں ۔میرے پی ٹی آئی کی طرح کے دوست میوزک چلاتے رہیں گے لیکن جتنا بھی چلائیں میں یہاں پرویزخٹک کی طرح نہیں ناچوں گا نہ آپ کو ناچنے دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ ناچ گانے سے ملکی مسائل حل نہیں ہوتے۔ مسلم لیگ (ن) ناچ گانوں والی جماعت نہیں ہے۔