نئی دہلی (آئی این پی)بھارت نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی دھمکی سے خوفزدہ نہیں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق شمال مشرقی علاقوں کی ترقی کی وزارت کے وزیر مملکت جتندر سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اس بیان کہ پاکستان کسی بھی وقت بھارت کو نشانہ بنا سکتا ہے سے متعلق کہا کہ ہم کسی ایسی دھمکی سے نہیں ڈرتے،اور ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کو پاکستانی سائنسدان کی طرف سے دی گئی دھمکی کا ادراک ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کشمیری پنڈتوں کی باوقار واپسی اور آبادکاری کیلئے پرعزم ہے۔