اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مریم نواز نے وزیر اعظم کے لندن میں آپریشن کی وجہ بتا دی‘ نجی ٹی وی کے پروگرام میں سینئر تجزیہ نگار نے مریم نواز سے سوال کیا کہ بار بار ایک سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا پاکستان میں کوئی ایسا ہسپتال نہیں جہاں وزیر اعظم کا علاج ہو سکے؟ جس کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان میں بہت سے ہسپتال ایسے ہیں جہاں وزیر اعظم کا علاج کیا جا سکتا تھا اور وزیر اعظم اس سے قبل اسلام آباد کے مختلف کلینکس میں اپنا علاج کرواتے بھی رہے ہیں، وزیر اعظم کا علاج ایک حساس معاملہ ہے، جس میں سیکیورٹی مسائل بھی ہوتے ہیں، اگر پاکستان میں کسی کلینک یا ہسپتال میں علاج کروایا جائے تو وہاں دیگر مریضوں کیلئے مشکلات پیدا ہو جاتی ہیں، شاید انہی وجوہات سے بچنے کیلئے نواز شریف نے فیصلہ کیا کہ وہ باہر اپنا علاج کروا لیں‘‘۔ واضح رہے کہ مریم نواز اس سے قبل ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں یہ کہہ چکی ہیں کہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان میں کوئی ایک ہسپتال بھی ایسا نہیں بنایا جہاں وزیر اعظم اپنا علاج معالجہ کروا سکیں۔