اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ نے پی پی 97گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیدیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قراردیتے ہوئے پی پی 97گوجرانوالہ میں دوبارہ گنتی کرانے کا حکم جاری کردیا ہے ۔الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو مسلم لیگ (ن) کے اشرف وڑائچ نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔ الیکشن ٹربیونل نے 33پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا سپریم کورٹ نے حلقے میں دوبارہ گنتی تک الیکشن کمیشن کو نتائج کا اعلان نہ کرنے کا حکم بھی دیا ہے ۔اس سے قبل دوبارہ پولنگ میں ق لیگ کے ناصر چیمہ پی پی 97سے کامیاب قرار پائے تھے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیے کہ الیکشن ٹربیونل کو حلقہ بندیوں سے متعلق معالات کا جائزہ لینے کا اختیار نہیں ۔