پشاور(آن لائن)خیبر پختونخواہ پولیس نے پنجاب میں تخریب کاری کی بڑی منصوبہ بندی کو ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود کو قبضے میں لے لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پشاور موٹروے پر اسلحہ اور گولہ بارود سے بھری گاڑی پشاور سے اسلام آباد جارہی تھی کہ خیبر پختونخواہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جبکہ گاڑی میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود کو قبضہ میں لے لیا ،پولیس کے مطابق پنجاب میں تخریب کاری کے لئے گاڑی کے ذریعے اسلحہ سمگلنگ کی کوشش کی جارہی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا ہے ،گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 پستول اور سینکڑوں گولیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے ۔