اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ارکان پارلیمنٹ کی انوکھی روایت‘ قومی خزانے کو ہر بار کروڑوں روپے کا نقصان پہنچتا ہے‘ روایت کے مطابق جب کوئی رکن پارلیمنٹ وفات پا جاتا ہے تو ارکان اسمبلی کے تعزیت کیلئے اٹھنے والے اخراجات کا تمام بوجھ قومی خزانے پر ڈالا جاتا ہے، ارکان پارلیمنٹ کی اس انوکھی روایت کی ابتداء کب ہوئی یہ کسی کو معلوم نہیں ، البتہ یہ کہا جاتا ہے کہ اس روایت کی ابتداء 1980 ء سے ہوئی، روایت کے مطابق وفات پا جانے والے رکن پارلیمنٹ کی وفات کے بعد جو بھی پہلا اجلاس ہوگا اس میں سوائے فاتحہ خوانی اور اظہار تعزیت کے باقی کوئی کارروائی نہیں ہوگی، ایک اندازے کے مطابق پارلیمنٹ کے ہر اجلاس پر تقریباََ 4کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے ‘ اس طرح وفات پا جانے والے رکن پارلیمنٹ سے تعزیت کیلئے منعقدہ اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی کا ٹی اے ، ڈی اے اور دیگر اخراجات قومی خزانے سے ادا کئے جاتے ہیں جس سے ملک و قوم کا بھاری نقصان ہوتا ہے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے علاوہ تمام صوبائی اسمبلیاں بھی سختی سے اس مہنگی ترین روایت پر عمل پیرا ہیں۔