ملتان/واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدارت کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن، جی ٹی روڈ پر کارکنوں کی جانب ہاتھ ہلاتے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دیکھ کر متاثر ہوگئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق ہیلری نے سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کو ٹیکسٹ میسج بھیجا، جس میں ان کا کہنا تھاکہ میں نے ابھی بلاول کو ٹی وی پر دیکھا، وہ بالکل اپنی والدہ جیسے لگتے ہیں۔ہیلری نے مزید لکھاکہ انھیں (بلاول کو) بتایئے گا کہ میں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ جو کامیابی ان کی والدہ حاصل کرنا چاہتی تھیں، بلاول ضرور حاصل کرلیں گے۔یوسف رضا گیلانی نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں ہیلری کلنٹن کا خط گزشتہ روزموصول ہوا۔انہوں نے کہاکہ وہ ہیلری کلنٹن کے جذبات پر ان کے مشکور ہیں،گیلانی نے جواباً ہیلری کو لکھاکہ آپ کی جانب سے ایسے حوصلہ افزا الفاظ سن کر خوشی ہوئی، میں نے آپ کے جذبات بلاول بھٹو زرداری تک پہنچا دیئے ہیں اور وہ آپ کی جانب سے حوصلہ افزائی پر بہت خوش ہیں، آپ پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی کی ایک مستقل دوست رہی ہیں، ہم بہت جلد آپ کو بحیثیت صدر دیکھنے کے خواہش مند ہیں اورہماری دعا ہے کہ آپ آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوں۔