لاہور(ا ین این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ان کے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے لندن کے مقامی ہسپتال میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی عیادت کی ۔ بڑے بھائی کے کامیاب آپریشن پر محمد شہبازشریف کا چہرہ کھل اٹھا۔ لندن میں وزیر اعلی شہباز شریف اور ان کے بیٹوں نے ٹیکسی میں سفر کیا۔وزیراعلی شہباز شریف اپنے بیٹوں کے ہمراہ ٹیکسی میں ہسپتال آئے اور ٹیکسی میں ہی واپس گئے۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی کامیاب ہارٹ سرجری پر ٹیکسی میں سفر کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں کے چہروں پر خوشی اور مسرت کے تاثرات واضح تھے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ میرے بڑے بھائی اور پاکستانی قوم کے ہر دلعزیر وزیراعظم محمد نواز شریف کی کامیاب ہارٹ سرجری کے لیے کروڑوں لوگوں نے ہاتھ اٹھا کر اللہ تعالیٰ کے حضور بے حساب دعائیں کیں اور ان دعاؤں کی برکت سے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دل کا کامیاب بائی پاس آپریشن ہوا اور یقیناًیہ لمحات اطمینان، شکر اور اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہونے کے ہیں ۔واضح رہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف پاکستان میں بھی مختلف شہروں کے دوروں کے دوران اکثر اوقات عام وین میں سفر کرتے ہیں۔