اسلام آباد(این این آئی)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اخلاقیات اور اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم کی علالت کے دوران وہ تنقید سے گریز کرتے تو اس سے انہیں کوئی نقصان نہ ہوتا۔ منگل کو نادرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کے بیانات سے سخت مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقیات اور اقدار کی اہمیت ہوتی ہے، اگر عمران خان چند دن سیاسی تنقید نہ کرتے تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول ابھی بچہ ہے اور اس کو سکھانے والے بھی سیکھنے کے قابل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران اور بلاول کا یہ رویہ خود ان کیلئے تضحیک آمیز ہے۔ عمران خان زخمی ہوئے اور بے نظیر بھٹو مرحومہ پر حملہ ہوا تو ہمارا رویہ اس سے مختلف تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد قیادت عوام اور بچوں کو کیا پیغام دے رہی ہے کہ سیاست کی اخلاقیات اور اقدار نہیں، ان کے ہر روز ذاتی بیانات کونسی کی سیاست کی غمازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام انسان دوستی کو پسند کرتے ہیں، عمران اور بلاول کے اس رویہ پرمجھے افسوس بھی ہے اور مایوسی بھی ہوئی ہے۔ اس طرح کے رویہ سے دنیا کو کیا پیغام جائے گا۔ ایک طرف عوام سیاسی وابستگی سے قطع نظر وزیراعظم کیلئے دعائیں کر رہے ہیں اور دوسری جانب دو سیاسی رہنما سمجھتے ہیں کہ شاید وزیراعظم پر ذاتی حملوں کا یہ یہی موقع ہے۔