لندن(آئی این پی ) وزیراعظم نوازشریف کے آپریشن کی کامیابی کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے سیاسی رہنماوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ۔ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ایک ٹوئٹ میں نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری پر ان کی خیریت دریافت کی تھی جب کہ وزیراعظم سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے آپریشن کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی وزیراعظم نوازشریف کو فون کیا جس میں انہوں نے ان کی اوپن ہارٹ سرجری کی کامیابی اور جلد صحت یابی کے لئے دعا دی۔ تاجک صدر نے وزیراعظم نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ نواز شریف کو آپریشن کے بعد جلد صحتیاب کرے۔روسی صدر نے وزیراعظم نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا ۔دوسری جانب سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ادارے کامسٹیک کی جنرل اسمبلی میں او آئی سی کے تمام رکن ممالک شریک ہیں جہاں وزیراعظم نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے صدقے کے بکرے اور گائے دیئے۔ لوگوں نے وزیراعظم کی صحتیابی کی کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور نفل ادا کیے۔